آئیڈیاز 2024 نمائش: ایران، اٹلی اور برطانیہ کی پہلی بار شرکت
18 November 2024
Published in: Independent Urdu
دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 کا آغاز 19 نومبر سے کراچی ایکسپو سینٹر میں ہوگا، جس کا افتتاح وزیراعظم شہباز شریف کریں گے۔
ہر دو سال بعد منعقد ہونے والی اس 12ویں انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزیبیشن اینڈ سیمینار میں پاکستان اور دوست ممالک کی دفاعی مہارتوں، آلات اور ٹیکنالوجی کی نمائش کی جائے گی۔ دنیا کے 55 ممالک سے 550 سے زائد نمائش کنندگان اپنے اسٹالز لگائیں گے۔
ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن (ڈیپو) کے زیر انتظام یہ دفاعی نمائش 19 سے 22 نومبر تک جاری رہے گی۔
اسی حوالے سے 16 نومبر کو ایک میڈیا بریفنگ منعقد کی گئی، جس میں ڈیپو کے ڈائریکٹر کوآرڈینیشن بریگیڈیئر علی عادل اور ڈائریکٹر میڈیا کموڈور اعتزاز خالد نے بتایا کہ نمائش کی افتتاحی تقریب کے بعد اہم سیمینارز اور میٹنگز ہوں گی۔
نمائش میں ترکی اور چین بھرپور شرکت کر رہے ہیں، جبکہ ایران، اٹلی اور برطانیہ پہلی مرتبہ شریک ہو رہے ہیں۔ رواں ایڈیشن میں ماضی کے مقابلے میں زیادہ مندوبین اور مبصرین شریک ہوں گے، اور مقامی کمپنیاں بھی نئی مصنوعات متعارف کرائیں گی۔
16 نومبر 2022 کو کراچی کے ایکسپو سینٹر میں بین الاقوامی دفاعی نمائش اور سیمینار (آئیڈیاز) 2022 کے دوران شہری فوجی سازوسامان دیکھ رہے ہیں (رضوان تبسم/ اے ایف پی)
انہوں نے مزید کہا کہ ایکسپو سینٹر کے دو ہال ترک کمپنیوں اور ایک ہال چینی کمپنیوں کے لیے مختص کیا گیا ہے۔ نمائش میں جے ایف 17 طیارے سمیت دیگر ہتھیار رکھے جائیں گے، اور عالمی دفاعی صنعت کی جدید ترین ٹیکنالوجی ایک ہی چھت تلے دیکھنے کو ملے گی۔
نمائش میں شرکت کرنے والے غیر ملکی وفود میں وزرائے دفاع، وزراء اور آرمی چیفس بھی شامل ہوں گے۔
سکیورٹی اقدامات
2024 میں بھی دفاعی نمائش کے لیے کراچی کا انتخاب کیا گیا ہے، جس کی مناسبت سے ایکسپو سینٹر اور اطراف میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔